نئی دہلی،18؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی)بھگوڑا کاروباری وجئے ملیا نے اپنے آپ کو بچانے کے لئے آخری طریقہ کے طور پر ایک نئی چال چلی ہے- انہوں نے کہا ہے کہ وہ بینکوں کو 13960 کروڑ روپئے دینے پر راضی ہیں - وجئے ملیاکے پاس اب کوئی راستہ نہیں بچا ہے اور اگر حکومت اس کے اس پیکیج کو قبول کرتی ہے تو یہی اس کے بچنے کا یہ آخری متبادل ہوسکتا ہے-ہندوستان کو حوالگی سے بچنے کے لئے وجئے ملیا کے پاس کوئی قانونی راستہ باقی نہیں ہے- یہ پیکیج اس کے لئے امید کی آخری کرن ہے- گذشتہ ماہ حوالگی کے خلاف وجئے ملیا اپنا مقدمہ ہار گیاتھا اور اب انہیں برطانوی سپریم کورٹ میں دوبارہ اپیل کرنے سے انکار کردیا گیا ہے-ایک رپورٹ کے مطابق وجئے ملیا کے وکیل نے سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ انہوں نے بینکوں کو ایک جامع پیکیج دینے کا وعدہ کیا ہے- اس میں وکیل نے یہ نہیں بتایا کہ یہ پیکیج کتنے کا ہے - لیکن گذشتہ ماہ دائر درخواست میں اس نے 13960 کروڑ روپئے کے پیکیج کے بارے میں بات کی ہے-اگر ہم وجئے ملیا پر بینکوں کے اصل بقایاجات کے بارے میں بات کریں تو یہ 9000 کروڑ روپئے کے قریب ہے، لیکن اب اس میں سودبہت زیادہ ہوگیا ہے- اس لئے وجئے ملیا نے اب سود وغیرہ کو شامل کرتے ہوئے تقریبا 14 ہزار کروڑ کی رقم دینے کی پیش کش کی ہے- یہ وجئے ملیاکی پیش کردہ اب تک کی سب سے بڑی رقم ہے-اس پیش کش کے ساتھ وہ چاہتا ہے کہ بینکوں سے اس کا تنازعہ ختم ہو اور اس کے خلاف منی لانڈرنگ کے تمام معاملات بند کردیئے جائیں -